ایپل نے آئی فون 18 پرو میکس میں سامنے آنے والے ایک سنگین سیلولر کنیکٹیویٹی مسئلے کے بعد متاثرہ ڈیوائسز مفت تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ خرابی خاص طور پر امریکا کی ٹیلی کام کمپنی اے ٹی اینڈ ٹی کے نیٹ ورک پر استعمال کیے جانے والے آئی فون 18 پرو میکس میں رپورٹ ہوئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق خرابی کے باعث بعض صارفین کے فون میں اچانک موبائل سروس ختم ہوگئی، جس سے عام فون کالز کے علاوہ ہنگامی نمبر 911 پر رابطہ کرنا بھی ممکن نہیں رہا۔ گزشتہ ہفتے متعدد صارفین نے اچانک سیلولر سروس بند ہونے کی شکایات کی تھیں، جس کے بعد خدشات سامنے آئے کہ یہ مسئلہ مزید بڑی تعداد میں ڈیوائسز کو متاثر کرسکتا ہے۔
مسئلے کو مزید ڈیوائسز تک پھیلنے سے روکنے کے لیے ایپل نے iOS 27.0.1 کے ساتھ نئی کیریئر سیٹنگز اپ ڈیٹ بھی جاری کی ہے۔ تاہم جو آئی فون پہلے ہی اس خرابی سے متاثر ہوچکے ہیں، ان میں صرف سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کے ذریعے موبائل سروس بحال نہیں ہوسکتی۔
ٹیکنالوجی رپورٹس کے مطابق ایسے صارفین کو ایپل متاثرہ آئی فون 18 پرو میکس کے بدلے نیا فون مفت فراہم کرے گا۔ ایپل اور اے ٹی اینڈ ٹی نے بھی متاثرہ صارفین سے کہا ہے کہ اگر ان کے فون کی سیلولر سروس ختم ہوجائے تو وہ متعلقہ سپورٹ ٹیموں سے رابطہ کریں۔
کچھ صارفین نے آن لائن فورمز پر بتایا کہ iOS 27.0.1 انسٹال کرنے کے باوجود ان کے فون کی موبائل سروس بحال نہیں ہوئی۔ بعض صارفین نے iOS 27.2 کا پبلک بیٹا ورژن بھی آزمایا، تاہم ان کے مطابق مسئلہ برقرار رہا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق فی الحال یہ مسئلہ اے ٹی اینڈ ٹی نیٹ ورک پر استعمال ہونے والے آئی فون 18 پرو میکس میں سامنے آیا ہے۔ ٹی موبائل اور ویریزون کے صارفین کی جانب سے ایسی خرابی کی رپورٹس سامنے نہیں آئی ہیں۔
اسی طرح اے ٹی اینڈ ٹی نیٹ ورک پر استعمال ہونے والا عام آئی فون 18 پرو بھی اس مخصوص مسئلے سے متاثر نہیں ہوا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مسئلہ صرف سافٹ ویئر تک محدود نہیں ہوسکتا بلکہ اس کا تعلق فون کے ہارڈویئر سے بھی ممکن ہے۔ آئی فون 18 پرو میں ایپل کا سی ٹو موڈیم استعمال کیا گیا ہے، جبکہ امریکا میں فروخت ہونے والے آئی فون 18 پرو میکس میں کوالکوم اسنیپ ڈریگن ایکس 80 موڈیم نصب ہے۔
ڈیوائس کی مرمت اور تجزیے کے ادارے آئی فکس اٹ کے مطابق آئی فون 18 پرو میکس میں نئی ملی میٹر ویو اینٹینا ٹیکنالوجی بھی شامل کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں بادل جم کر برسے، متعدد اضلاع میں ژالہ باری
دوسری جانب ٹیکنالوجی تجزیاتی ادارے ٹیک انسائٹس کے مطابق اسنیپ ڈریگن ایکس 80 موڈیم اس سے قبل آئی فون 17 پرو اور آئی فون 17 پرو میکس میں بھی استعمال ہوچکا ہے۔
ایپل کی جانب سے جاری کردہ سافٹ ویئر اور کیریئر سیٹنگز اپ ڈیٹس کا مقصد مستقبل میں مزید ڈیوائسز کو اس خرابی سے محفوظ رکھنا ہے۔
تاہم جن آئی فون 18 پرو میکس صارفین کی اے ٹی اینڈ ٹی نیٹ ورک پر سیلولر سروس پہلے ہی ختم ہوچکی ہے، ان کے لیے کمپنی نے مرمت کے بجائے متاثرہ فون مفت تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔





