دبئی: پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ آرٹسٹ عمران قریشی کے فن پاروں نے دبئی میں جاری آرٹ نمائش میں شائقین کے دل موہ لیے۔
عرب دنیا خصوصاً اماراتی مہمانوں نے ان کے تخلیقی اظہار کو بے حد سراہا، جس میں پاکستان کی ثقافت اور جدید آرٹ کا حسین امتزاج جھلکتا ہے۔
نمائش کا سب سے نمایاں اور منفرد آرٹ ورک ایک رنگ برنگی “چارپائی” ہے، جو عمران قریشی اور ان کی ٹیم نے پاکستان میں تیار کی۔ یہ انسٹالیشن پاکستانی دیہی ثقافت کی علامت ہے، جسے نہایت جمالیاتی انداز میں جدید آرٹ کے تقاضوں کے مطابق پیش کیا گیا ہے۔ نمائش کی کیوریٹر ندا رضا نے اسے “پاکستانی روایات کی شاندار نمائندگی” قرار دیا۔
ستارہ امتیاز حاصل کرنے والے عمران قریشی نہ صرف منی ایچر آرٹ کے ماہر ہیں بلکہ وہ روایتی تکنیک کو جدید بیانیے سے جوڑنے میں مہارت رکھتے ہیں۔ ان کے فن پارے دبئی سے لے کر جدہ، یورپ، انگلینڈ اور امریکا تک عالمی سطح پر نمائش کا حصہ بن چکے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ “یہ نمائش کئی ماہ کی دن رات محنت کا نتیجہ ہے۔ ہر فن پارے کے پیچھے ایک کہانی ہے جو پاکستان کی روح کو بیان کرتی ہے۔”
نمائش میں صرف روایتی آرٹ ہی نہیں بلکہ منی ایچر پینٹنگز، فوٹوگرافی، صوفی موسیقی اور ایک ڈیجیٹل آرٹ ویڈیو بھی شامل ہے، جو دیکھنے والوں کو ایک کثیر الجہتی ثقافتی تجربہ فراہم کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں دنیا بھر میں چینی موبائل فونز کی طلب میں اضافہ
دبئی میں جاری اس آرٹ شو کو مختلف ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے ناظرین نے خوب سراہا۔ پاکستانی ناظرین کے لیے یہ فن پارے یاد ماضی کی مانند تھے، جبکہ غیر ملکی شرکاء کو ان کے ذریعے پاکستان کی ثقافتی جھلک دیکھنے کا موقع ملا۔
یہ شاندار نمائش 18 اپریل تک دبئی میں جاری رہے گی، جہاں روزانہ سینکڑوں شائقین آرٹ کے ذریعے پاکستان سے جڑنے آ رہے ہیں۔