سیکیورٹی فورسز نےبلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف جامع اور کامیاب آپریشنز کرتے ہوئے 21 ستمبر 2026 سے اب تک 33 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 25 ستمبر 2026 کو سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع نوشکی میں خفیہ اطلاعات پر ایک اہم اور کامیاب آپریشن کیا۔
کارروائی کے دوران جوانوں نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو انتہائی مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 11 دہشتگردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔
24 ستمبر کو ’آپریشن شعبان‘ کے تسلسل میں بھی سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے مزید خفیہ ٹھکانوں کا گھیراؤ کر کے تباہ کیا۔کارروائی کے دوران ہونے والے شدید فائرنگ کے تبادلے میں 5 خوارج مارے گئے۔ اس طرح اس مخصوص آپریشن میں اب تک ہلاک ہونے والے خوارج کی کل تعداد 22 ہو گئی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے خوارج کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے، جو ملک میں تخریب کاری کے لیے استعمال ہونا تھا۔
بیان کے مطابق عسکری قیادت نے واضح کیا ہے کہ علاقے سے دہشتگردی کے خطرے کے مکمل خاتمے تک یہ کلیئرنس آپریشن پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گا۔
وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظوری سے شروع ہونے والے وژن ’عزمِ استحکام‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے انسداد دہشتگردی کی مہم بلا تعطل اور پوری رفتار سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ہمت ہے تو آؤ لانگ مارچ کرو، پی ٹی آئی والے بزدل ہیں،عطاء اللہ تارڑ
سیکیورٹی فورسزنے عزم ظاہر کیا ہے کہ ملک سے غیر ملکی اسپانسرڈ اور ان کی مالی معاونت سے چلنے والی دہشتگردی کے ناسور کا ہمیشہ کے لیے صفایا کر دیا جائے گا اور دشمن کے ناپاک عزائم کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔





