پشاور: ضلعی انتظامیہ نے زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت ڈیٹور روڈ پر تجاوزات کے خلاف کامیاب آپریشن کیا۔
اس آپریشن میں متعلقہ ڈائریکٹوریٹ بشمول بی سی اے، ویجیلنس، مشینری، ایل اے سی اور ریونیو حکام نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر حصہ لیا۔
آپریشن کے دوران 14 کنال اراضی پر غیر قانونی طور پر کھڑی کی گئی باؤنڈری وال کو ہٹا کر کامیابی سے اراضی کو بازیاب کیا گیا۔
تجاوزات کے خلاف اس آپریشن کے نتیجے میں علاقے میں سرکاری زمین کو غیر قانونی قبضے سے آزاد کرایا گیا، جس سے شہریوں کی آمدورفت اور روزمرہ کی سرگرمیوں میں آسانی آئی۔
یہ بھی پڑھیں پشاور شہر میں تجاوزات مافیا کیخلاف کارروائیاں جاری، مزید 66 افراد گرفتار
ضلعی انتظامیہ نے اس کارروائی کو تجاوزات کے خلاف ایک کامیاب قدم قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اس قسم کے آپریشن جاری رکھے جائیں گے تاکہ شہر کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے والے عوامل کو ختم کیا جا سکے۔
انتظامیہ نے شہریوں کو آگاہ کیا کہ تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کو مزید تیز کیا جائے گا اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔