اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ کی صوبہ سندھ سے جنرل نشست پر ضمنی انتخاب کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا ہے۔ یہ نشست سینیٹر تاج حیدر کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ریٹرننگ افسر 17 اپریل 2025 کو انتخابی عمل کے حوالے سے پبلک نوٹس جاری کریں گے، جس کے بعد 18 اور 19 اپریل کو کاغذاتِ نامزدگی وصول اور جمع کروائے جا سکیں گے۔ ابتدائی امیدواروں کی فہرست 20 اپریل کو جاری کی جائے گی، جبکہ 22 اپریل کو نامزدگی کاغذات کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل کیا جائے گا۔
کسی امیدوار کے کاغذات مسترد یا بحال ہونے پر اپیل جمع کروانے کی آخری تاریخ 24 اپریل مقرر کی گئی ہے، اور حتمی فہرست 26 اپریل کو جاری کی جائے گی۔ امیدواروں کو 28 اپریل تک دستبردار ہونے کی مہلت دی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق سینیٹ کی خالی نشست پر پولنگ 6 مئی 2025 کو صوبائی اسمبلی سندھ میں منعقد کی جائے گی، جو صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر تاج حیدر انتقال کر گئے
اس حوالے سے ریٹرننگ افسر اور پولنگ افسران کا تقرر بھی کر دیا گیا ہے۔ صوبائی الیکشن کمشنر سندھ کو اس انتخاب کے لیے ریٹرننگ افسر مقرر کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخاب کا تمام عمل آئین اور قانون کے مطابق شفاف انداز میں مکمل کیا جائے گا۔





