ملک کے مختلف مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشگوئی

خیبرپختونخوا میں تیز آندھی اور طوفانی بارش کا امکان، الرٹ جاری

ویب ڈیسک۔ خیبرپختونخوا میں ایک بار پھر آندھی اور طوفانی بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے بالائی علاقوں جن میں چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام، بونیر، کرم، باجوڑ اور مہمند شامل ہیں، وہاں آج تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

گزشتہ روز بھی خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں بشمول باجوڑ، مردان، مالاکنڈ، لوئر دیر، مانسہرہ، خیبر، سوات اور کوہاٹ میں شدید بارشیں ہوئیں، جن کے باعث معمولات زندگی متاثر ہوئے۔

ضلع خیبر میں سیلابی ریلے نے ایک گاڑی کو بہا دیا، جبکہ آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کا ایک اہلکار جان کی بازی ہار گیا۔

ادھر بٹگرام میں پہاڑوں سے آنے والے تیز سیلابی ریلے نے کئی موٹرسائیکلیں بہا دیں، جب کہ شدید بارشوں سے باغات اور فصلوں کو بھی خاصا نقصان پہنچا۔ یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے آج بھی شدید موسم کی وارننگ جاری کر دی ہے۔

Scroll to Top