محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا سمیت وفاقی دارلحکومت اسلام آباد، پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آج رات اور کل تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ شدید اور موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
صوبہ خیبرپختونخوا کے اضلاع جن میں دیر، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، شانگلہ، چترال، بٹگرام، بونیر، باجوڑ، مہمند، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، صوابی، نوشہرہ، پشاور، ہنگو، اورکزئی، کرم، کوہاٹ، کرک، بنوں، ٹانک، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان شامل ہیںمیں بارش اور گرج چمک کے ساتھ بعض مقامات پر شدید موسلادھار بارش متوقع ہے۔
بارشوں کے اس سلسلے کے باعث صوبے کے شمالی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیز بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔
پنجاب کے اضلاع مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، منگلا، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور، شیخوپورہ اور اوکاڑہ میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش متوقع ہے، جبکہ بالائی پنجاب کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کا خطرہ برقرار رہے گا۔
اس کے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی گرج چمک اور شدید بارشوں کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے تاہم بلوچستان کے بعض علاقوں میں شام یا رات کو بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ اتوار کو بھی جاری رہے گا، جس کے پیش نظر شہریوں، مسافروں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔





