بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریاں، وزیراعظم نے اہم ہدایات جاری کردیں

وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی فوری مالی معاونت اور امدادی سرگرمیوں میں تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے آئندہ بارشوں کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دے دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مون سون بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے جائزے کے لیے اجلاس ہوا، جس میں انہیں ملک کے مختلف علاقوں میں ہونے والے نقصانات اور جاری امدادی کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے سیلاب کے باعث جاں بحق افراد کے اہلخانہ کو مالی معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تباہ ہونے والے اور جزوی طور پر متاثرہ گھروں کے مالکان کی بھی بھرپور مالی مدد کی جائے۔

شہباز شریف نے متاثرہ علاقوں میں بجلی کے نظام اور سڑکوں کی بحالی کا عمل جلد مکمل کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے وفاقی وزرا کو ہدایت کی کہ وہ خود متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں، بحالی کے کاموں کا جائزہ لیں اور ان میں مزید تیزی لانے کے لیے اقدامات یقینی بنائیں۔

وزیراعظم نے رسائی سے محروم علاقوں میں اشیائے خورونوش اور دیگر ضروری امدادی سامان کی فوری فراہمی کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو آئندہ بارشوں کے پیش نظر مکمل طور پر الرٹ رہنے کا حکم دیا۔

یہ بھی پڑھیں: اگلے 2 سے 4 گھنٹے اہم، راولپنڈی اسلام آباد کیلئے موسمیاتی الرٹ، رین ایمرجنسی نافذ

اجلاس کے دوران وزیراعظم کو مون سون 2026 کے اثرات، صوبوں اور این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری امدادی سرگرمیوں اور متاثرہ افراد کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

حکام نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں سے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل بروقت مکمل کرلیا گیا ہے، جبکہ اب تک مجموعی طور پر 615 ٹن امدادی سامان متاثرہ علاقوں میں پہنچایا جاچکا ہے۔ مزید امدادی سامان کی فراہمی کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ متاثرین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے اور امدادی و بحالی کی سرگرمیوں کو مزید تیز کیا جائے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو درپیش مشکلات کم کی جاسکیں۔

Scroll to Top