سوات میں ایزی پیسہ کے ذریعے عوام کو لوٹنے والا نوسر باز جوڑا گرفتار

سوات میں ایزی پیسہ کے ذریعے عوام کو لوٹنے والا نوسر باز جوڑا گرفتار

سوات میں ایزی پیسہ کے ذریعے دھوکہ دہی اور فراڈ کرنے والے بین الضلاعی نوسر باز جوڑے کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

 گرفتار ملزمان پٹرول پمپ اور میگا مارٹس سمیت متعدد مقامات پر عوام کو جدید طریقے سے لوٹنے میں ملوث تھے، شہری کی شکایت پر ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

تین روز قبل تھانہ خوازہ خیلہ میں شہری نے شکایت درج کرائی تھی کہ گاشکوڑ میں واقع ایک پٹرول پمپ پر نوجوان جوڑا سفید رنگ کی کار میں سوار ہو کر آیا پٹرول ڈلوایا اور ایزی پیسہ کے ذریعے ادائیگی کی،  کچھ دیر بعد رقم کو ریورس کر دیا گیا۔

شہری کی شکایت پر پولیس نے نامعلوم جوڑے کے خلاف مقدمہ مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کی،  سی سی ٹی وی فوٹیجز اور دیگر جدید ذرائع سے کی گئی تحقیقات کے بعد پولیس نے بین الضلاعی نوسر باز جوڑے کو گرفتار کر لیا،  گرفتار ملزمان کی شناخت حذیفہ شفقت اور رمشا کے نام سے ہوئی دونوں مزمان ایبٹ آباد اور مانسہرہ کے رہائشی ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزمان مختلف میگا مارٹس اور دیگر تجارتی مراکز میں بھی وارداتیں کر چکے ہیں ، ملزمان کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان کے ساتھ مزید افراد بھی ملوث ہو سکتے ہیں۔

Scroll to Top