پاکستان پر الزامات کے بجائے بھارت دہشت گردی کی سرپرستی بند کرے، دفتر خارجہ

اسلام آباد (ویب ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے بھارتی وزیر خارجہ کے حالیہ بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت پاکستان پر الزامات لگانے کے بجائے دہشت گردی کی سرپرستی بند کرے۔

ہفتہ وار پریس بریفنگ میں شفقت علی خان نے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ ہر موقع پر پاکستان کے خلاف بیان بازی کرتے ہیں، لیکن بھارت کو چاہیے کہ وہ اپنی سرزمین سے دہشت گردی کی معاونت بند کرے اور بیرون ممالک میں جاری قتل عام کی طرف توجہ دے۔

انہوں نے جعفر ایکسپریس پر ہونے والے دہشت گرد حملے سے متعلق بتایا کہ اس واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ابتدائی شواہد کے مطابق دہشت گرد افغانستان میں موجود اپنے ہینڈلرز سے رابطے میں تھے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اصول تمام ممالک سے بہتر تعلقات قائم رکھنا ہے۔ چین پاکستان کا دیرینہ اور قابل اعتماد دوست ہے جبکہ امریکہ کے ساتھ بھی دہائیوں پر محیط تعلقات ہیں۔
غزہ میں جاری اسرائیلی کارروائیوں پر پاکستان کا مؤقف دہراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اسرائیل کی بربریت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، خاص طور پر اسپتالوں کو نشانہ بنانا انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ غزہ کے عوام کو اقوام متحدہ کے اصولوں کے مطابق حقِ خودارادیت ملنا چاہیے۔
ترجمان نے بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے خارجہ سیکرٹریز کے درمیان حالیہ مذاکرات خوشگوار ماحول میں ہوئے۔ تاہم، بعض عناصر کی جانب سے ان مذاکرات کے خلاف پھیلائی جانے والی منفی خبریں اور پروپیگنڈا غلط اور بے بنیاد ہیں۔

Scroll to Top