خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے

اسلام آباد: پاکستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جن میں اسلام آباد، پشاور، سوات، چارسدہ، کالام، بونیر اور گردونواح کے علاقے شامل ہیں۔

زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور متعدد افراد کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.9 ریکارڈ کی گئی، جبکہ زلزلے کی زیرِ زمین گہرائی 196 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز افغانستان کے ہندوکش ریجن میں بتایا گیا ہے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کے مرکز کے نقاط 36.53 ڈگری شمالی عرض البلد اور 70.88 ڈگری مشرقی طول البلد ریکارڈ کیے گئے۔

سوات اور گردونواح، کالام، بونیر اور چارسدہ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

یہ بھی پڑھیں : مردان بورڈنے گیارہویں اور بارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کردیا

ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے باعث کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

پاکستان زلزلہ خیز خطے میں واقع ہے اور ملک کے شمالی و مغربی علاقے، بالخصوص ہندوکش، کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان، زلزلوں کے حوالے سے حساس سمجھے جاتے ہیں۔

ماضی میں بھی ملک میں کئی بڑے زلزلے تباہی کا باعث بن چکے ہیں، جن میں 8 اکتوبر 2005 کا آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا میں آنے والا 7.6 شدت کا زلزلہ نمایاں ہے۔

Scroll to Top