اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت عوام کو مزید ریلیف دینے کے لیے بجلی کی قیمتوں میں 7 سے 8 روپے فی یونٹ کمی کرنے جا رہی ہے، جس سے صارفین کو خاطر خواہ فائدہ پہنچے گا۔
جڑانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں پہلے بھی کمی کی گئی ہے اور اب عوام کو مزید ریلیف دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے اس دور میں حکومت کی کوشش ہے کہ عوام پر بوجھ کم کیا جائے۔
وفاقی وزیر نے پنجاب حکومت کی کسان دوست پالیسیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے کسانوں کے لیے 15 ارب روپے کا ریلیف پیکج دیا ہے، جس کے تحت سستی کھاد کی فراہمی کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گندم کاشت کرنے والے کسانوں کی بہتری اور فلاح کے لیے بھی سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے تاریخی حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 80 کی دہائی میں جب چاول کی سپورٹنگ پرائس ختم کی گئی، تو اسی طرح کے مسائل سامنے آئے تھے، بعد ازاں چاول کی قیمتیں مارکیٹ سپلائی و ڈیمانڈ کے مطابق طے ہونے لگیں۔
یہ بھی پڑھیں کوہاٹ میں بجلی لوڈ شیڈنگ ، دیہی علاقوں میں 22 گھنٹے تک بجلی غائب
انہوں نے مزید کہا کہ ملکی معاشی صورتحال کے پیش نظر حکومت کو بعض اوقات مشکل فیصلے بھی کرنا پڑتے ہیں، لیکن ان فیصلوں کا مقصد ہمیشہ عوامی بھلائی اور ملکی استحکام ہوتا ہے۔
عوام کی نظر اب بجلی کے بلوں پر ہے، جہاں حکومت کی جانب سے ممکنہ ریلیف کا اطلاق کیا جائے گا۔