اسلام آباد : نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 22 تا 27 اپریل کے دوران ملک بھر میں متوقع گرمی کی شدید لہر (ہیٹ ویو) کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور غیر معمولی طور پر گرم رہنے کا امکان ہے۔ خاص طور پر سندھ اور بلوچستان کے صوبوں میں درجہ حرارت معمول سے کہیں زیادہ رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جہاں عوام کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
اسی طرح خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے کئی علاقوں میں بھی شدید گرمی متوقع ہے، تاہم خیبرپختونخوا کے بعض اضلاع جن میں ایبٹ آباد، چارسدہ، چترال، دیر، مانسہرہ، سوات، پشاور، کوہاٹ، کرک اور وزیرستان شامل ہیں، وہاں جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ کہیں کہیں بارش کے امکانات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں علیمہ خان کا منرل اینڈ مائنز قانون عمران خان کی رہائی سے مشروط کرنا بلیک میلنگ ہے، ثمر ہارون بلور
ایڈوائزری میں بتایا گیا کہ این ڈی ایم اے اپنے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) کے ذریعے ممکنہ خطرات پر نظر رکھے ہوئے ہے اور صورت حال سے نمٹنے کے لیے تمام صوبائی و ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اداروں سے مسلسل رابطے میں ہے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی اور مشروبات کا زیادہ استعمال کریں اور ہنگامی حالات میں قریبی ریسکیو اداروں یا متعلقہ حکام سے رابطہ کریں۔





