احتجاج اور پولیس پر مبینہ تشدد کے مقدمے میں عدم پیشی پر وزیراعلیٰ سمیت چار اہم رہنمائوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگردی عدالت لاہور نے 5اکتوبر 2023کو ہونیوالے پی ٹی آئی کے لاہور احتجاج او رپولیس پر تشدد کے مقدمے میں عدم پیشی پر گنڈاپور سمیت پی ٹی آئی کے چار اہم رہنمائوں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ۔
ذرائع کے مطابق انسداد دہشتگردی عدالت نے احتجاجی مظاہرے کے دوران پولیس اہلکاروں پر تشدد کے کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور، پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر، سعید سندھو اور شہباز احمد کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
یہ فیصلہ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج منظر علی گل نے تھانہ مستی گیٹ پولیس کی جانب سے دائر درخواست پر سنایا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ ملزمان کو بارہا نوٹسز جاری کیے گئے مگر وہ تفتیش میں شامل نہیں ہو رہے، جس پر یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔
پولیس کا مؤقف ہے کہ مذکورہ رہنماؤں نے احتجاج کے دوران پولیس اہلکاروں پر تشدد میں مبینہ طور پر کردار ادا کیا، جس پر تھانہ مستی گیٹ میں مقدمہ درج ہے۔
عدالت نے حکم دیا کہ تمام نامزد رہنماؤں کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے تاکہ مقدمے کی کارروائی کو آگے بڑھایا جا سکے۔ کیس کی آئندہ سماعت کی تاریخ جلد مقرر کی جائے گی۔





