پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ پہلگام واقعہ پر پوری قوم متحد ہے اور اس حوالے سے بھارت کو منہ توڑ جواب دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پر الزام تراشی کرنے کی بجائے بھارت اپنے اندرونی معاملات پر توجہ دے اور پہلگام واقعہ کی شفاف تحقیقات کرے۔
پشاور میں پختون ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کے اندر اس وقت چوبیس کے قریب آزادی کی تحریکیں چل رہی ہیں اور سکھوں کی تحریک بھی انہی میں سے ایک ہے۔ لہذا بھارت دوسروں پر الزام عائد کرنے کی بجائے اپنے اندورنی معاملات پر توجہ دے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان خود ہمیشہ دہشتگردی کا شکار رہا ہے اور ہم دنیا کے کسی بھی کونے میں ہونے والی دہشتگردی کی مذمت کرتے ہیں،لہذا پاکستان کو بھارت کی ہرزہ سرائی کا منہ توڑ جواب دینا چاہیے اور واضح پیغام دینا چاہیے کہ بھارت بے بنیاد پروپگینڈا کرنے کی بجائے پہلگام واقعہ سے متعلق اپنے گھر میں تحقیقات کرے۔





