دنیا کا کوئی بھی ادارہ پہلگام واقعہ کی تحقیقات کرے، پاکستان مکمل تعاون کرے گا، وفاقی وزیر داخلہ

اسلام آباد ۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی میں بھارت کی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ ملوث ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پہلگام واقعہ سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں، اور دنیا کا کوئی بھی ادارہ تحقیقات کرے، پاکستان مکمل تعاون کرے گا۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور اپنی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ بھارت کو پاکستان کی معاشی ترقی ہضم نہیں ہو رہی، اسی لیے جھوٹے ڈرامے رچائے جا رہے ہیں۔ پاکستان بھارت کے ان سازشی ڈراموں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بی ایل اے اور را میں کوئی فرق نہیں، دونوں ایک ہی ہیں۔ وفاقی وزیر نے انکشاف کیا کہ تین روز میں سات آئی ای ڈیز پکڑے گئے ہیں اور کالعدم بی ایل اے کی ہر حرکت پر نظر رکھی جا رہی ہے۔

محسن نقوی نے جعفر ایکسپریس واقعہ کی بھی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو پہلگام واقعہ کے اصل حقائق سے آگاہ ہونا چاہئے۔ پاکستان کی جانب سے غیر جانبدار اور شفاف انکوائری پر مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

Scroll to Top