پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی میں پہلگام واقعے کی مذمت اور بھارت کی آبی جارحیت کے خلاف قرار داد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔
قرار داد پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی احمد کنڈی نے پیش کی، جس میں کہا گیا کہ بھارت انڈس واٹر ٹریٹی کا معاہدہ ختم کرنے کی کوشش کر رہا ہے، حالانکہ یہ ایک دو طرفہ معاہدہ ہے جسے بھارت یکطرفہ طور پر ختم نہیں کر سکتا۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس مسند نشین تاج محمد خان کی صدارت میں ہوا، جہاں احمد کنڈی نے قرار داد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے مظالم کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور ضرورت اس امر کی ہے کہ سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ملک کے مفادات کے لیے متحد ہو کر کھڑے ہوں۔
قرار داد پر بحث کے دوران احمد کنڈی نے کہا کہ بھارت کی طرف سے آبی جارحیت پاکستان کے لیے سنگین خطرہ ہے اور اس سلسلے میں قومی یکجہتی کی ضرورت ہے۔ ایوان میں تمام جماعتوں نے قرار داد کی حمایت کی اور اسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔
بحث کے دوران صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم نے کہا کہ ابتدائی طور پر قرارداد تیار نہیں تھی، تاہم بعد میں اس پر اتفاق رائے قائم ہو گیا اور ایوان نے اسے منظور کر لیا۔ اجلاس میں اراکین اسمبلی نے بھارت کے غیر قانونی اقدامات کی شدید مذمت کی اور پاکستانی عوام اور افواج سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔





