لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے دو میچوں کے شیڈول میں تبدیلی کر دی ہے۔ پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یکم مئی کو ملتان کا میچ لاہور منتقل کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق یکم مئی کو ملتان سلطانز اور کراچی کنگز لاہور میں قذافی اسٹیڈیم میں مد مقابل ہوں گے۔ میچ کا آغاز سہہ پہر تین بجے ہوگا۔
اس سے قبل یہ میچ ملتان اسٹیڈیم میں کھیلا جانا تھا۔ پی سی بی نے اس تبدیلی کا فیصلہ آپریشنل آسانی اور حالیہ ہیٹ ویو کے پیش نظر کیا ہے تاکہ کھلاڑیوں اور شائقین کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔
قذافی اسٹیڈیم میں یکم مئی کو ڈبل ہیڈر ہوگا، جس میں رات کے وقت لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان بھی ایک میچ کھیلا جائے گا۔
مزید یہ کہ 11 مئی کو ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ ملتان میں کھیلا جائے گا۔ یہ میچ پہلے 10 مئی کو ملتان میں شیڈول تھا، تاہم مشاورت کے بعد اس میں تبدیلی کی گئی ہے۔
پی سی بی نے اعلان کیا ہے کہ یکم مئی کے ملتان کے میچ کے ٹکٹ واپس کیے جائیں گے، جبکہ لاہور میں یکم مئی کے ٹکٹ ہولڈرز اب ڈبل ہیڈر کا لطف اٹھا سکیں گے۔ اس کے علاوہ، ملتان میں 10 مئی کے میچ کے ٹکٹ 11 مئی کو کارآمد ہوں گے۔
یہ تبدیلیاں پی سی بی کی جانب سے کرکٹ کی دلچسپی کو برقرار رکھنے اور شائقین کو بہترین سہولت فراہم کرنے کے لیے کی گئی ہیں۔





