اسلام آباد: بھارت کے معروف وی لاگرز نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سیاسی مفادات کے لیے اپنائے گئے اوچھے ہتھکنڈوں کو بے نقاب کر دیا ہے۔
مشہور بھارتی وی لاگر نیہا سنگھ راٹھور سمیت متعدد دیگر وی لاگرز نے بی جے پی کی پالیسیوں پر کھل کر تنقید کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ پارٹی نے سیاسی فائدے کے لیے ملک کو بارہا بحرانوں میں دھکیلا ہے۔
وی لاگرز نے تفصیل سے بتایا کہ بی جے پی کے دور حکومت میں بھارت کو متعدد بڑے دہشتگرد حملوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ان میں قندھار ہائی جیکنگ (1999)، کارگل جنگ (1999)، پارلیمنٹ حملہ (2001)، گودھرا ٹرین واقعہ (2002)، پٹھان کوٹ حملہ (2016)، اڑی حملہ (2016)، امرناتھ یاترا حملہ (2016)، پلوامہ حملہ (2019)، اور حالیہ پہلگام حملہ (2025) شامل ہیں۔
وی لاگرز نے سوال اٹھایا کہ ان حملوں کا وقت اور طریقہ کار بی جے پی کے سیاسی مفادات سے کیوں ہم آہنگ نظر آتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان حملوں کا بنیادی مقصد عوام کی توجہ اندرونی مسائل سے ہٹانا، قومی سلامتی کا مصنوعی بیانیہ بنانا اور جذبات بھڑکا کر اقتدار کو مضبوط کرنا تھا۔
یہ بھی پڑھیں بھارت اپنے اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان پر الزامات لگا رہا ہے، بلاول بھٹو
وی لاگرز نے خبردار کیا کہ بہار انتخابات سے قبل ایک بار پھر بی جے پی پرانے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے تاکہ عوامی ہمدردی حاصل کی جا سکے۔ انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ بھارت میں سیکیورٹی کی سنگین ناکامیوں کے باوجود کسی اعلیٰ حکومتی یا سیکیورٹی اہلکار نے استعفیٰ نہیں دیا، جس سے بی جے پی کی سیاسی نیت پر سوالیہ نشان اٹھتے ہیں۔
ان ویڈیوز میں بی جے پی پر الزام لگایا گیا کہ وہ بھارتی شہریوں کی جانوں کو محض اپنے اقتدار کے تسلسل کے لیے استعمال کر رہی ہے اور ہر بار انسانی المیے کو سیاسی مقاصد کے لیے ہتھیار بنایا جاتا ہے۔





