اسلام آباد: سینیٹر فیصل واوڈا نے واضح اور دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پاکستان پر جنگ مسلط کی گئی تو دشمن کو ایسی مار پڑے گی کہ زندگی بھر یاد رکھے گا۔
اپنے بیان میں سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے مکمل طور پر الرٹ اور تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم دنیا میں کہیں بھی ہونے والی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں، لیکن اگر کسی نے پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھا تو اس کا انجام عبرتناک ہوگا۔
فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ اگر دشمن نے پانی بند کیا تو پہلا حملہ ہم کریں گے اور دشمن کی بنیادیں ہلا دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بھارت کو تجارتی روابط معطل کر کے اور فضائی حدود بند کر کے بھرپور نقصان پہنچایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں بھارت کے آبی جارحیت کے عزائم پر فیصل واوڈا کا دوٹوک پیغام
انہوں نے کہا کہ آج پوری قوم پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور یکجہتی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ بھارتی سابق جنرل کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ وہ خود مان رہے ہیں کہ پاکستان کی فوج بہت مضبوط اور پیشہ ور ہے۔
سینیٹر کا کہنا تھا کہ ہم امن کے خواہاں ہیں، لیکن اگر جنگ ہم پر مسلط کی گئی تو اس کا جواب ایسا ہو گا کہ دشمن نسلوں تک یاد رکھے گا۔





