خیبرپختونخوا میں شدید گرمی، یکم مئی سے بارشوں کا نیا سلسلہ متوقع،محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی

خیبرپختونخوا میں شدید گرمی، یکم مئی سے بارشوں کا نیا سلسلہ متوقع،محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی

یکم مئی بروز جمعرات سے خیبرپختونخوا، پنجاب اور بلوچستان میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ جنوبی اضلاع میں شدید گرمی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہے گا، تاہم رات کے وقت کرم، وزیرستان اور گرد و نواح میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب، یکم مئی بروز جمعرات سے خیبرپختونخوا، پنجاب اور بلوچستان میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور، چترال، سوات، باجوڑ سمیت متعدد اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش کی توقع ہے۔

بارشوں کا یہ سلسلہ 4 مئی تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس سے مالاکنڈ، بونیر، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، وزیرستان، دیر، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، بنوں، کرک اور کوہاٹ متاثر ہو سکتے ہیں۔

ممکنہ بارشوں اور موسمی تغیرات کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔ مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ تمام ضلعی انتظامیہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہیں اور پیشگی اقدامات کو یقینی بنائیں۔

Scroll to Top