ایل او سی پر کشیدگی،خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں ایمرجنسی سائرن سسٹم کی تنصیب

ایل او سی پر کشیدگی،خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں ایمرجنسی سائرن سسٹم کی تنصیب

سائرنز کو دشمن کے فضائی حملے یا کسی بھی تباہ کن صورتحال سے قبل وارننگ دینے کیلئے استعمال کیاجاسکتا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق ایل او سی کشیدگی کے پیش نظر خیبرپختونخوا میں ہنگامی سائرن سسٹم کی تنصیب، سول ڈیفنس کا اہم فیصلہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث صوبے میں شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سول ڈیفنس ڈائریکٹوریٹ نے ہنگامی بنیادوں پر انتباہی نظام کو مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں 50 جدید الیکٹرک سائرن خرید کر صوبے بھر کے ڈپٹی کمشنرز اور سول ڈیفنس کنٹرولرز کو فراہم کر دیے گئے ہیں۔

سول ڈیفنس ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ موجودہ کشیدہ صورتحال میں وارننگ سسٹم کی افادیت کئی گنا بڑھ چکی ہے۔ ان سائرن کا مقصد دشمن کے فضائی حملوں یا کسی بھی تباہ کن صورتحال سے قبل عوام کو بروقت خبردار کرنا اور انہیں محفوظ مقامات تک منتقل کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔

مراسلے میں تمام سول ڈیفنس افسران کو سائرن کی تنصیب کے مقامات کی درست نشاندہی، ان کی مسلسل نگرانی اور فعالیت کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ یہ سائرن خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں نصب کیے جائیں گے، جن میں پشاور، ایبٹ آباد، مردان، کوہاٹ، سوات، ڈی آئی خان، بنوں، ملاکنڈ، دیر لوئر، چترال، کرم، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، باجوڑ، ہری پور، مانسہرہ، ہنگو، مہمند، دیر اپر، شانگلہ، بونیر، لکی مروت، خیبر، بٹگرام، ٹانک، اورکزئی، جنوبی و شمالی وزیرستان شامل ہیں۔

سول ڈیفنس حکام کے مطابق یہ سائرن نظام شہریوں کو ممکنہ خطرات سے بروقت آگاہ کرنے اور ان کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

Scroll to Top