سابق وفاقی وزیر خواجہ محمد خان ہوتی نے کہا ہے کہ مودی اپنی عوام کو سنبھالنے میں ناکام، جنگی جنون میں مبتلا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر خواجہ محمد خان ہوتی نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ مودی اپنی رعایا کو سنبھالنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے، لیکن اس کے باوجود جنگ کی دھمکیاں دے رہا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ محمد خان ہوتی کا کہنا تھا کہ مودی سرکار داخلی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے جنگی بیانات دے رہی ہے، مگر وہ کسی غلط فہمی میں نہ رہے، کیونکہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی قوت ہے اور اس کی عوام اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت کی انتہا پسند حکومت خود کو واحد ہندو ریاست میں تبدیل کرنے پر تلی ہوئی ہے، جو پورے خطے کے لیے خطرناک رجحان ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نہ صرف اپنے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے بلکہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل اہلیت بھی رکھتا ہے۔
خواجہ محمد خان ہوتی نے بھارتی سکھ برادری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’سکھ ہمارے بھائی ہیں، اور وہ پاکستان میں بلا خوف اپنی مذہبی رسومات ادا کر سکتے ہیں۔ ہم ان کا پرتپاک خیرمقدم کریں گے۔‘‘
انہوں نے خطے میں امن کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تصادم کی راہ اختیار کرنے کے بجائے بھارت کو اپنے اندرونی مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہیے۔





