لیبیا میں المناک کشتی حادثہ :یورپ کے سنہری خواب دیکھنے والے باجوڑ کے 35 نوجوان جاں بحق!

لیبیا کے ساحل کے قریب سمندر میں پیش آنے والے ایک دلخراش کشتی حادثے میں ضلع باجوڑ سے تعلق رکھنے والے 35 نوجوانوںکے جاں بحق ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جس کے بعد پورے علاقے میں سوگ اور کہرام مچ گیا ہے۔ 

حادثے کی خبر پہنچتے ہی متاثرہ خاندانوں پر غم کے پہاڑ ٹوٹ پڑے جبکہ وفاقی و ضلعی حکام نے لاپتہ افراد کی تلاش اور میتوں کی وطن واپسی کے لیے ہنگامی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

وزیر مملکت برائے قبائلی امور مبارک زیب خان نے سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ لیبیا میں قائم پاکستانی سفارت خانے اور وزارتِ اوورسیز پاکستانیز کے حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔

ان کے مطابق سمندر میں لاپتہ ہونے والے نوجوانوں کی تلاش اور جاں بحق افراد کی میتوں کی بازیابی (ریکوری) کے لیے بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے جس میں متعلقہ بین الاقوامی حکام، نیوی، نیٹو اور امدادی اداروں کا مکمل تعاون حاصل ہے۔

مبارک زیب خان نے مزید کہا کہ انہوں نے حادثے میں محفوظ رہنے والے باجوڑ کے نوجوانوں سے بھی رابطہ کیا ہے اور تمام صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ باجوڑ کا ہر نوجوان قیمتی سرمایہ ہے اور اس کی حفاظت اولین ترجیح ہے، جاں بحق افراد کی میتوں کی جلد وطن واپسی اور متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن معاونت کے لیے کل ایک خصوصی اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ہے۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر باجوڑ نے بھی کشتی حادثے میں نوجوانوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اس کڑے وقت میں غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔

یہ بھی پڑھیں : عالمی اسنوکر کپ میں پاکستان کی بڑی کامیابی :حریف بھارت بدترین شکست سے دوچار!

انہوں نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ اس المناک واقعے کی شفاف اور مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور معصوم نوجوانوں کو موت کے منہ میں دھکیلنے والے انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک اور اس میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ متاثرہ لواحقین کو مکمل انصاف فراہم کیا جا سکے۔

Scroll to Top