وزیراعلیٰ ہاؤس سے ریاست مخالف بیانیہ پھیلایا جارہا ہے، گورنر خیبرپختونخوا

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبائی حکومت پر شدید الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ ہاؤس ریاست مخالف بیانیہ پھیلانے والوں کا مرکز بن چکا ہے اور یہ مقام ریاست دشمن عناصر کے لیے پناہ گاہ کے طور پر استعمال ہو رہا ہے۔

اپنے ایک بیان میں گورنر نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملک دشمن سرگرمیوں پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، جب کہ صوبے کے وسائل ریاست کے خلاف استعمال ہو رہے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا خیبرپختونخوا کی حکومت دشمنوں کا آلہ کار بن چکی ہے؟

فیصل کریم کنڈی نے خبردار کیا کہ پاکستان ایک نازک دوراہے پر کھڑا ہے، افغانستان کی سرزمین سے دہشت گرد سرحد پار کر کے ملک کے امن کو سبوتاژ کر رہے ہیں، لیکن خیبرپختونخوا حکومت کی خاموشی کئی سوالات کو جنم دیتی ہے۔

گورنر نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور سے براہِ راست سوال کرتے ہوئے کہا کہ وہ واضح کریں کہ وہ پاکستان کے ساتھ ہیں یا دشمنوں کے آلہ کار بن چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست مخالف سرگرمیوں پر خاموشی بھی جرم کے زمرے میں آتی ہے، اور قوم کو اب آنکھیں کھولنے کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں ایسٹر کے موقع پر وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا تہنیتی پیغام

فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں بدعنوانی کے سنگین الزامات بھی عائد کیے، ان کے مطابق ایک حالیہ آڈٹ رپورٹ میں 40 ارب روپے کے غبن کا انکشاف ہوا ہے، جب کہ صوبائی وزرا ایک دوسرے پر کرپشن کے الزامات لگا رہے ہیں۔

Scroll to Top