بھارت کا ویزے منسوخ کرنا قابل افسوس اقدام ہے، ترجمان دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے بھارت سے واپس آنے والے پاکستانی شہریوں کی مشکلات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستانی شہریوں کے ویزے منسوخ کرنے کے فیصلے سے سنگین انسانی چیلنجز پیدا ہو رہے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ بہت سے ایسے مریض جن کی حالت نازک تھی انہیں اپنا علاج مکمل کیے بغیر بھارت چھوڑ کر پاکستان واپس آنا پڑا، اس کے علاوہ خاندانوں کے بکھرنے اور بچوں کے اپنے والدین میں سے کسی ایک سے جدا ہونے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جو ایک افسوسناک صورت حال ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ واہگہ، اٹاری بارڈر کراس کرنے کی آخری تاریخ 30 اپریل 2025 مقرر کی گئی تھی تاہم کچھ پاکستانی شہری تاحال اٹاری میں پھنسے ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت اور پاکستان سے رابطے میں ہیں، کشیدگی نہ بڑھائی جائے، امریکا

انہوں نے کہا کہ اگر بھارتی حکام انہیں اپنی طرف سے سرحد عبور کرنے کی اجازت دیتے ہیں تو پاکستان اپنے شہریوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہے۔

 ترجمان دفتر خارجہ  شفقت علی خان نے یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ واہگہ بارڈر آئندہ بھی پاکستانی شہریوں کے لیے کھلا رہے گا۔

Scroll to Top