رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کا عزم،واہگہ بارڈر جا کر پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ وہ جلد واہگہ بارڈر پر جائیں گے اور وہاں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائیں گے، پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے ان کے لندن جانے کے بیان کو بزدلی سے تعبیر کیا گیا، تاہم وہ اس بات کو رد کرتے ہیں اور اپنے موقف پر قائم ہیں۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ وہ آج شاہ پور مندر جائیں گے اور ہندو کمیونٹی سے یکجہتی کا اظہار کریں گے، جس سے یہ ثابت ہوگا کہ پاکستان کی تمام اقلیتی برادری ملک کے ساتھ کھڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’ہندو کمیونٹی پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، اور ہر لیڈر کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ یہ وقت پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے کا ہے۔‘‘
رکن قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ ’’ہم پشتون ہیں، وطن سے وفاداری اور محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے‘‘ اور انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس نازک وقت میں تمام سیاسی رہنماؤں کو قوم کے ساتھ یکجہتی کی کوششوں میں شریک ہونا چاہیے۔
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’’کیا ہی اچھا ہو اگر بانی پی ٹی آئی بھی اس موقع پر قوم کے ساتھ یکجہتی کی کوششوں میں شامل ہوں۔‘‘شیر افضل مروت نے یہ بھی کہا کہ انہیں کل کی بریفنگ میں دعوت دی گئی تھی، اور اگر پی ٹی آئی کی قیادت بریفنگ میں شرکت کرتی تو وہ بھی ضرور جاتے۔





