اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ بھارت کی عادت بن چکی ہے کہ وہ ہر واقعے کا الزام پاکستان پر ڈال کر جھوٹ اور پروپیگنڈے کی سیاست کرتا ہے۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے علی ظفر نے کہا کہ بھارت میں جب بھی کوئی واقعہ پیش آتا ہے تو فوراً پاکستان پر الزام عائد کر دیا جاتا ہے، لیکن اب دنیا بھارت کی اس پراپیگنڈا حکمتِ عملی کو سمجھنے لگی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے دو بڑے مقاصد ہیں: ایک، بھارت اس واقعے کی آڑ میں کشمیری عوام پر مزید ظلم ڈھانا چاہتا ہے، اور دوسرا، وہ اس تناظر میں سندھ طاس معاہدے کو ختم کر کے پاکستان کا پانی روکنے کی کوشش کر رہا ہے۔
بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، اور ایسے وقت میں ہمیں متحد ہو کر دشمن کی چالوں کا جواب دینا ہوگا۔ انہوں نے تجویز دی کہ حکومت کو آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلانی چاہیے، اور اس میں بانی پی ٹی آئی کو بھی دعوت دی جائے تاکہ قومی مفاد کے معاملات پر اتفاق رائے پیدا کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : پہلگام فالس فلیگ میں ناکامی کے بعد بھارت کا بلوچستان میں بڑی دہشتگردی کا منصوبہ بے نقاب
انہوں نے کہا کہ سیاست بعد کی بات ہے، اس وقت ملکی یکجہتی اور سالمیت مقدم ہے۔ پارلیمنٹ بہترین فورم ہے جہاں قومی معاملات پر کھل کر بات ہونی چاہیے، اور تمام جماعتوں کو یک زبان ہو کر پاکستان کے مفادات کا دفاع کرنا چاہیے۔





