بھارت کی جانب سے پاکستان کے مختلف علاقوں میں جاسوسی اور دہشت گردی کی کوششوں میں مسلسل ناکامی کا سلسلہ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے پاکستان کے مختلف علاقوں میں جاسوسی اور دہشت گردی کی کوششوں میں مسلسل ناکامی کا سلسلہ جاری ہے۔ حالیہ واقعے میں لاہور کے علاقے والٹن روڈ پر پولیس نے بھارتی ڈرون کو مار گرایا، جس سے ایک بار پھر بھارت کو عالمی سطح پر شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔
پولیس ذرائع کے مطابق بھارت نے لاہور کے والٹن علاقے میں ایک اہم سکیورٹی ادارے کے دفتر کو ڈرون کی مدد سے اڑانے کی کوشش کی، مگر سکیورٹی اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈرون کو گرا دیا۔ ذرائع نے بتایا کہ ڈرون کی لمبائی 5 سے 6 فٹ تھی اور اسے سرحد پار سے آپریٹ کیا جا رہا تھا۔ سکیورٹی اداروں نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ڈرون کے سسٹم کو جام کر کے اسے گرا دیا۔
خوش قسمتی سے اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی کوئی شخص زخمی ہوا، تاہم عمارت کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے۔ واقعے کے فوراً بعد علاقے میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ مزید کسی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔
اسی دوران گوجرانوالہ کی حدود میں آنے والا بھارتی ڈرون بھی مار گرایا گیا، جس کا ملبہ گجرات کے گاؤں جھنڈ پیر میں ملا۔ پولیس نے اس ڈرون کا ملبہ قبضے میں لے لیا ہے۔
اس کے علاوہ چکوال میں تھانہ ڈھمن کی حدود میں بھی ایک بھارتی ڈرون گرنے کی اطلاع ملی۔ دیوالیاں کے قریب گرنے والے اس ڈرون میں بھی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، اور پولیس نے اس کا ملبہ بھی قبضے میں لے لیا۔
پاکستان کی سکیورٹی فورسز کی جانب سے اس قسم کی کارروائیاں بھارت کے لیے ایک واضح پیغام ہیں کہ پاکستان اپنے دفاع میں مکمل طور پر مستعد ہے اور کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا۔





