پاکستان کے اسٹار اسپنر ابرار احمد نے ورلڈ کرکٹ میں نیا تاریخ ساز سنگِ میل عبور کرتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ٹی ٹوئنٹی بولنگ رینکنگ میں دنیا کی پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
انہوں نے افغانستان کے معروف اور نامور اسپنر راشد خان کو پیچھے چھوڑ کر عالمی نمبر ون بولر بننے کا اعزاز اپنے نام کیا۔
قومی ٹیم کے پراسرار اسپنر کی اس شاندار اور تاریخی کامیابی کا سہرا ان کی رواں سال کی مستقل مزاج اور تباہ کن بولنگ کو جاتا ہے، جس کے دوران انہوں نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے 9 میچز میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 15 وکٹیں حاصل کیں۔
خاص طور پر آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز میں ان کی جادوئی بولنگ نے ٹیم کی فتح اور ان کی عالمی درجہ بندی میں پیشرفت میں مرکزی کردار ادا کیا، جہاں انہوں نے تین ٹی ٹوئنٹی میچز میں مجموعی طور پر 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
ابرار احمد کی یہ کامیابی محض ٹی ٹوئنٹی تک محدود نہیں ہے بلکہ وہ اس وقت ون ڈے انٹرنیشنل بولنگ رینکنگ میں بھی دنیا کے دوسرے بہترین بولر کی پوزیشن پر موجود ہیں، جس کے بعد وہ کرکٹ کے دونوں محدود اوورز کے فارمیٹس میں عالمی سطح پر پاکستان کا پرچم بلند کرنے والے نمایاں ترین بولر بن گئے ہیں۔
دنیا کے نمبر ایک بولر کا اعزاز حاصل کرنے پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے ابرار احمد کا کہنا تھا کہ جب سے انہیں پاکستان کی نمائندگی کا موقع ملا تھا، ان کا خواب تھا کہ وہ ایک دن عالمی نمبر ایک بولر بنیں اور اس مقام کو حاصل کرنا ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔
انہوں نے اپنی کامیابی کو انتھک محنت، لگن اور بالنگ میں مسلسل بہتری کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ وہ مستقبل میں بھی قومی ٹیم کے لیے اسی تسلسل کے ساتھ کھیل پیش کرتے رہیں گے، جبکہ ان کا اگلا بڑا ہدف ایشین گیمز میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کر کے پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کابینہ نئے پولیس ایکٹ 2026 کی منظوری دے دی
کرکٹ ماہرین اور شائقین کی جانب سے ابرار احمد کی اس تاریخی کامیابی کو پاکستانی کرکٹ کے لیے ایک انتہائی اہم اور خوش آئند پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔





