امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کہا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی میں مزید اضافہ نہیں ہونا چاہیے اور دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کا آغاز ہونا ضروری ہے۔
واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران ٹیمی بروس نے اس بات پر زور دیا کہ اس وقت دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کے اقدامات سے متعلق کسی بھی قسم کی تصدیق یا تردید سے گریز کیا جانا چاہیے، کیونکہ ایسی صورتحال میں میڈیا میں معاملات کو لانا مناسب نہیں ہوتا۔
ٹیمی بروس نے کہا کہ دونوں ممالک کے رہنماؤں سے ٹیلیفون کالز ہو چکی ہیں اور امریکہ مختلف سطحوں پر دونوں حکومتوں سے رابطے میں ہے تاکہ کشیدگی کو کم کرنے اور صورتحال کو بہتر بنانے کی کوشش کی جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور امریکہ چاہتا ہے کہ اس واقعہ کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : پاک بھارت تنازع سے ہمارا کوئی لینا نہیں، ہم دونوں ممالک کی جنگ میں مداخلت نہیں کرسکتے، امریکی نائب صدر
انہوں نے اس بات کی ضرورت پر بھی زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان مزید حملے رکنے چاہئیں تاکہ خطے میں امن قائم رکھا جا سکے۔





