اقوام متحدہ اور سعودی عرب کے درمیان ایک مشترکہ ایگزیکٹو پروگرام پر دستخط کئے گئے ہیں جس کا مقصد آئندہ موسم سرما کے دوران اپنے ملک واپس آنے والے شامی خاندانوں کی مدد کرنا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے ایوان شاہی کے مشیر اور کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کے سپروائزر جنرل ڈاکٹر عبدللہ الربیعہ سے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے پناہ گزین برہم صالح نے نیویارک میں ملاقات کی ۔
رپورٹ کے مطابق ملاقات میں جاری تعاون کو بڑھانے، پناہ گزینوں اور بے گھر افراد کی مدد اور دنیا بھر میں ان کے مصائب کو کم کرنے کے حوالے سے انسانی اور امدادی کوششوں کو ہم آہنگ کرنے کے طریقوں بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اہم معاہدہ، ویزے کی پابندی ختم
ڈاکٹر عبدللہ الربیعہ نے یواین ہائی کمشنر کے ساتھ ایک مشترکہ ایگزیکٹیو پروگرام پر دستخط کئے، پروگرام کے تحت 987 تباہ شدہ گھروں کو بحال کیا جائے گا تاکہ انہیں محفوظ اور رہائش کے قابل بنایا جا سکے۔
متاثرہ خاندانوں کو شدید سردی سے بچانے کے لئے 10 ہزار 768 ونٹر کٹس تقسیم کی جائیں گی جن میں کمبل، ترپال، موسم سرما کے ملبوسات اور جیکٹس شامل ہیں۔
ان اقدامات سے حلب، ریف، دمشق، دیر الزور، ادلب اور حمص گورنریٹ میں 58 ہزار 625 افراد کو فائدہ پہنچے گا ۔





