پشاور کی فضاؤں میں ڈرونزاورکواڈکاپٹرز پر پابندی عائد، آخر کیوں؟ وجہ سامنے آ گئی

پشاور کی فضاؤں میں ڈرونزاورکواڈکاپٹرز پر پابندی عائد، آخر کیوں؟ وجہ سامنے آ گئی

پابندی 30 دن کیلئے نافذ العمل رہے گی اور خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف دفعہ 188کے تحت کارروائی کی جائے گی ۔

تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ پشاور نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر شہر بھر میں ڈرونز اور کواڈ کاپٹرز اڑانے پر فوری پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ فیصلہ اہم تنصیبات کے تحفظ اور عوام کے جان و مال کی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر یہ اقدام ناگزیر ہو چکا تھا تاکہ کسی بھی ممکنہ شرپسندی، بدامنی یا غیر قانونی سرگرمی سے پیشگی طور پر نمٹا جا سکے۔

اعلامیے کے مطابق یہ پابندی 30 دن کے لیے نافذالعمل رہے گی، اور اس دوران کوئی بھی شخص یا ادارہ بغیر اجازت ڈرون یا کواڈ کاپٹر نہیں اڑا سکے گا۔ خلاف ورزی کی صورت میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں اور اگر کسی جگہ ڈرون یا مشکوک سرگرمی نظر آئے تو فوری طور پر اطلاع دیں، تاکہ سکیورٹی اقدامات کو مؤثر اور بروقت بنایا جا سکے۔

سکیورٹی ماہرین کے مطابق ڈرونز کا غیر مجاز استعمال بعض اوقات حساس تنصیبات اور عوامی مقامات پر خطرات پیدا کر سکتا ہے، اس لیے ایسے اقدامات نہایت اہم اور بروقت ہیں۔

Scroll to Top