علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے جنید اکبر کو ایک نیا اور اہم ٹاسک سونپتے ہوئے ہدایت کی ہے
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی جانب سے جنید اکبر کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کی چیئرمین شپ چھوڑنے کی ہدایت کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔ علیمہ خان نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اس فیصلے کی بنیادی وجہ سے پردہ اٹھا دیا۔
علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان نے جنید اکبر کو ایک نیا اور اہم ٹاسک سونپتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ وہ خیبر پختونخوا سے تحریک کا آغاز کریں اور اپنی تمام تر توانائیاں پارٹی کی عوامی مہم اور احتجاجی تحریک پر مرکوز رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا خیال ہے کہ چیئرمین شپ جیسی انتظامی ذمہ داری اور تحریک کی قیادت بیک وقت مؤثر انداز میں نہیں نبھائی جا سکتیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے واضح طور پر ہدایت کی ہے کہ جنید اکبر پی اے سی کی چیئرمین شپ چھوڑ کر خیبر پختونخوا میں تحریک کے آغاز پر فوکس کریں، اور اس کام کے لیے انہیں پارٹی کی مکمل حمایت حاصل ہو گی۔
علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ پی اے سی کی قیادت اب عمر ایوب کو سونپی جائے، تاکہ دونوں محاذوں پر پارٹی کی حکمت عملی مؤثر رہے۔ انہوں نے کہا، ’’عمران خان نے جنید اکبر کو تحریک کی قیادت، احتجاجی حکمت عملی اور پارٹی فیصلوں کا مکمل اختیار دے دیا ہے۔‘‘
ان کا کہنا تھا کہ اس تحریک کا مقصد بانی پی ٹی آئی، دیگر رہنماؤں اور کارکنان کی رہائی کے لیے آواز اٹھانا اور حالیہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف مؤثر احتجاج کو منظم کرنا ہے۔
علیمہ خان نے بتایا کہ وہ بانی پی ٹی آئی کا تحریری پیغام پارٹی رہنماؤں، سلمان اکرم راجہ اور دیگر قیادت تک پہنچا چکی ہیں، اور جلد اس حوالے سے عملی اقدامات بھی شروع ہو جائیں گے۔





