مجھے جب بھی علیمہ آپا ملیں گی میں ان سے لڑوں گی ، پارٹی زوم میٹنگ کی کنول شوزب کی ویڈیو منظر عام پر آگئی ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی خواتین ونگ اسلام آباد کی صدر اور مرکزی رہنما کنول شوزب نے پارٹی کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان پر سخت تنقید کرتے ہوئے ایک نیا محاذ کھول دیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق(ایکسپریس)، پارٹی کی ایک زوم میٹنگ کی ویڈیو منظر عام پر آ گئی ہے جس میں کنول شوزب علیمہ خان کے بیان پر برہمی کا اظہار کر رہی ہیں۔ ویڈیو میں کنول شوزب کو یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ’’پی ٹی آئی ہماری فیملی ہے، بہت افسوس ہوا جب علیمہ خان نے کہا ’کون گوہر؟‘ اگر آپ کو تنظیمی عہدوں کی فکر نہیں ہوگی تو پارٹی کی عزت کون کرے گا؟‘‘
کنول شوزب نے مزید کہا کہ:’’کوئی کون ہوتا ہے کسی کو منشی کہنے والا؟ علیمہ خان سیدھے سیدھے سیاست میں آنے کا اعلان کر دیں۔ مجھے جب بھی علیمہ آپا ملیں گی، میں ان سے ضرور بات کروں گی اور پوچھوں گی۔‘‘
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پارٹی پہلے ہی مختلف اندرونی و بیرونی دباؤ کا شکار ہے۔ کنول شوزب کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر بھی ہلچل مچا دی ہے، جہاں کارکنان اور مبصرین پی ٹی آئی کی داخلی سیاست پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ کنول شوزب کے اس انداز میں کھل کر تنقید کرنا، پارٹی کے اعلیٰ سطحی معاملات اور تنظیمی فیصلوں میں جاری اختلافات کو مزید واضح کرتا ہے۔
ادھر پارٹی قیادت کی جانب سے تاحال کوئی باقاعدہ ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ صورتحال کو پارٹی سطح پر سلجھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔





