نواز شریف کی خاموشی کا پس منظر سامنے آ گیا، رانا ثنااللہ نے بتا دی اصل وجہ

نواز شریف کی خاموشی کا پس منظر سامنے آ گیا، رانا ثنااللہ نے بتا دی اصل وجہ

رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ نواز شریف نے مکمل خاموشی اختیار نہیں کی، بلکہ پس پردہ رہتے ہوئے وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کی رہنمائی اور مشاورت کی۔

تفصیلات کے مطابق پہلگام واقعے اور اس کے بعد بھارت کی جانب سے منفی پروپیگنڈے اور جنگی ماحول پیدا کرنے کی کوششوں پر مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی جانب سے بیان جاری نہ کرنے پر سوشل میڈیا اور سیاسی حلقوں میں بحث نے جنم لیا ہے۔ اس حوالے سے وزیر اعظم کے مشیر اور ن لیگ کے سینئر رہنما رانا ثنااللہ نے نجی ٹی وی چینل (اے آر وائی)کو انٹرویو دیتے ہوئے تفصیلی وضاحت پیش کی ہے۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے مکمل خاموشی اختیار نہیں کی، بلکہ پسِ پردہ رہتے ہوئے وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کی رہنمائی اور مشاورت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’اگر میاں نواز شریف روزانہ اس معاملے پر بیان دیتے تو تنقید کا رخ پھر بھی ان ہی کی طرف ہوتا اور لوگ سوال اٹھاتے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کیوں خاموش ہیں۔‘‘

وزیر اعظم کے مشیر کا مزید کہنا تھا کہ ’’دنیا نے تنقید ہر حال میں کرنی ہے، لیکن نواز شریف کی موجودہ حکمت عملی نے ذمہ داری اور سنجیدگی کا تاثر دیا ہے، جو ملک کے مفاد میں ہے۔‘‘
بین الاقوامی حالات پر بات کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ جنگ بندی ہر حال میں برقرار رہنی چاہیے اور عالمی برادری کو بھارت پر دباؤ قائم رکھنا چاہیے۔ ’’مودی کے ماضی کو دیکھتے ہوئے ہم زیادہ توقعات نہیں رکھتے، لیکن ہمیں ہر حال میں تیار رہنا چاہیے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ اگر بھارت کی جانب سے دوبارہ کوئی جارحیت ہوئی تو پاکستان منہ توڑ جواب دے گا۔ ’’پاکستان کے ایٹمی اثاثے مکمل طور پر محفوظ ہیں اور بھارت کی جانب سے پھیلائی گئی جعلی خبروں کی کوئی حیثیت نہیں۔‘‘

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت کو عالمی سطح پر اس بار زیادہ تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے، اور پاکستان کو سفارتی محاذ پر برتری حاصل رہی ہے۔

Scroll to Top