خطے میں بڑھتی ہوئی پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر پاکستان نے اہم سفارتی قدم اٹھاتے ہوئے اسحاق ڈار کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد کو چین بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفد کل بیجنگ روانہ ہوگا جہاں وہ چینی قیادت کے ساتھ اہم مشاورتی ملاقاتیں کرے گا۔ ذرائع کے مطابق اس دورے کا مقصد خطے کی حالیہ کشیدہ صورتحال، امن و امان، اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔ وفد میں مختلف اہم وزارتوں اور اداروں کے اعلیٰ حکام شامل ہوں گے جو دفاع، خارجہ، اور معاشی پہلوؤں پر چینی حکام سے گفت و شنید کریں گے۔
دورے کے دوران افغان وزیر خارجہ بھی چین میں موجود ہوں گے اور منگل کے روز بیجنگ میں قیام کریں گے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پاکستان، چین اور افغانستان کے درمیان سہ فریقی بات چیت بھی ہو سکتی ہے، جس کا مقصد خطے میں امن، ترقی اور استحکام کو فروغ دینا ہوگا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق موجودہ حالات میں یہ سفارتی رابطے نہایت اہمیت اختیار کر گئے ہیں، اور چین جیسے علاقائی طاقت کے ساتھ مشاورت پاکستان کی سفارتی حکمت عملی کا اہم جزو ہے۔





