اسلام آباد: ملک کے بیشتر حصے شدید گرمی کی لپیٹ میں آ گئے، درجہ حرارت نے معمولات زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا۔ سندھ کا شہر دادو ملک کا سب سے زیادہ گرم علاقہ رہا جہاں پارہ 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سرگودھا، بھکر، رحیم یار خان، بہاولنگر، سبی اور جیکب آباد میں درجہ حرارت 47 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، جبکہ موہنجو دڑو اور لاڑکانہ میں پارہ 46 ڈگری تک پہنچ گیا۔ لاہور میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو گیا، جہاں شہری دن بھر شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ہیٹ ویو کا سلسلہ 20 مئی تک جاری رہے گا۔ تاہم شام کے وقت کچھ علاقوں میں بادلوں کا ڈیرہ پڑا، جس سے گرمی کی شدت میں کچھ کمی واقع ہوئی۔ پشاور اور گردونواح میں بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔
دوسری جانب تیز آندھی اور طوفانی ہواؤں نے مختلف علاقوں میں تباہی مچائی۔ درخت اور دیواریں گرنے کے واقعات میں دو افراد جاں بحق جبکہ تین زخمی ہو گئے۔ تیز ہواؤں سے سائن بورڈز بھی اکھڑ گئے۔ جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں گرد آلود ہوائیں چلیں اور راولپنڈی کے کئی علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج شام سے مغربی ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی، جن کے باعث گلگت بلتستان، کشمیر اور خطہ پوٹھوہار میں تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں پشاور میں آندھی و طوفان، 100 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ شدید گرمی کے دوران غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔





