اسلام آباد: حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ پاکستان سے بدترین شکست کے بعد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نہتے کشمیریوں پر غصہ نکال رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کی نئی لہر چل رہی ہے جس میں ہزاروں کشمیریوں کو جیلوں میں ڈال دیا گیا ہے۔
کشمیر کی موجودہ صورتحال پر اپنے بیان میں مشعال ملک نے انکشاف کیا کہ کشمیریوں پر دباؤ ڈال کر ان سے زبردستی اعترافی بیانات لینے کی کوشش کی جا رہی ہے، جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیریوں کی شناخت، تعلیم اور مستقبل پر حملہ کیا جا رہا ہے۔
مشعال ملک کے مطابق بھارت میں کشمیری طلبا کو یونیورسٹیوں سے نکالا جا رہا ہے اور ان کی ڈگریاں منسوخ کی جا رہی ہیں، جس کا مقصد کشمیری نوجوانوں کو دیوار سے لگانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں رہا، مودی کی سفارت کاری عالمی سطح پر ناکام ہو گئی، بی بی سی
مشعال ملک نے کہا کہ وقت آ چکا ہے کہ پوری دنیا کشمیریوں کی آواز بنے اور بھارت کے ظلم و جبر کے خلاف متحد ہو۔
مشعال ملک نے کہا کہ کشمیری عوام بھارتی مظالم سے مرعوب ہونے والے نہیں، اور ان کی جدوجہد آزادی آخری دم تک جاری رہے گی۔





