اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان سے کسی بھی قسم کی ڈیل یا مذاکرات سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔
نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو میں عرفان صدیقی نے واضح کیا کہ حکومت یا کسی حکومتی شخصیت کا عمران خان سے نہ کوئی رابطہ ہوا ہے، نہ ہی کوئی مذاکرات یا پیشکش کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی خبریں آئے روز پھیلائی جاتی ہیں، لیکن ان میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے اگر کوئی رابطے ہیں تو وہ ان کی اپنی جماعت کے بعض ارکان کی جانب سے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان جس صورتحال سے دوچار ہیں، اس میں مذاکرات یا پیشکش کا مرحلہ گزر چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت یا کسی ریاستی ادارے کی جانب سے کسی قسم کی کارروائی نہیں کی جا رہی، اس کے باوجود پی ٹی آئی کی طرف سے ’سیز فائر‘ کی بات کی جاتی ہے۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ عمران خان نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش قبول کر لی ہے۔
یہ بھی پڑھیں وزیراعظم کی ڈائیلاگ کی دعوت بانی پی ٹی آئی کی اجازت سے مشروط ہے، علی محمد خان
بعض سیاسی ذرائع کے مطابق عمران خان نے جیل سے حکومت کے ساتھ بات چیت پر آمادگی ظاہر کی تھی، تاہم پیر کے روز ایک بار پھر اس بات کی تردید سامنے آئی کہ پی ٹی آئی کو تاحال کسی بھی رعایت یا ڈیل کی پیشکش نہیں کی گئی۔





