اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو دوست یہ شوق پورا کرنا چاہتے ہیں، وہ کر لیں، لیکن ایسی کسی کوشش کو کامیابی نہیں ملے گی۔
میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ اگر تحریک عدم اعتماد پیش بھی کی گئی تو لانے والوں کو اپنے ہی ارکان کی حمایت حاصل نہیں ہو گی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کئی ارکان بھی اس تحریک کا ساتھ نہیں دیں گے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں یہ افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ اپوزیشن جماعتیں اسپیکر ایاز صادق کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی تیاری کر رہی ہیں، اور اس سلسلے میں مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطے بھی کیے جا رہے ہیں۔ تاہم اسپیکر نے ان قیاس آرائیوں کو غیر سنجیدہ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔





