خیبرپختونخوا حکومت کا وفاق کو 68 ارب 71 کروڑ روپے کے واجبات کی ادائیگی کیلئے باضابطہ خط لکھ دیا۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے وفاقی حکومت کو 68 ارب 71 کروڑ روپے کے واجبات کی فوری ادائیگی کے لیے باضابطہ طور پر خط ارسال کر دیا ہے۔ یہ خط چیئرمین واپڈا کو تحریر کیا گیا، جس کی نقل ایک نجی ٹی وی چینل (دنیا نیوز) نے حاصل کر لی ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ وفاق کے ذمے گزشتہ مالی سال کے 37 ارب روپے کے واجبات میں سے صرف 28 ملین روپے موصول ہوئے ہیں، جب کہ اب بھی 8 ارب 56 کروڑ روپے کی رقم بقایا ہے۔
ہائیڈل پرافٹ اور نیٹ ہائیڈل پرافٹ کی مد میں اربوں کے واجبات باقی
خط میں مزید انکشاف کیا گیا کہ ہائیڈل پرافٹ کی مد میں جولائی 2024 سے اپریل 2025 تک کے لیے 27 ارب روپے واجب الاادا ہیں۔ اس کے علاوہ، نیٹ ہائیڈل پرافٹ (این ایچ پی) پر سالانہ 5 فیصد اضافے کے واجبات کی مد میں وفاقی حکومت سال 2016 سے 2023 کے درمیان 41 ارب 14 کروڑ روپے کی ادائیگی کی پابند ہے، جو تاحال ادا نہیں کیے گئے۔
صوبے کو مالی دباؤ کا سامنا
صوبائی حکومت کے مطابق ان واجبات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے خیبرپختونخوا کو شدید مالی دباؤ کا سامنا ہے، جس کا براہ راست اثر ترقیاتی منصوبوں، بنیادی سہولیات، اور عوامی خدمات پر پڑ رہا ہے۔
خیبرپختونخوا حکومت نے وفاق سے مطالبہ کیا ہے کہ ان تمام واجبات کی فوری ادائیگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ صوبے کو مالی استحکام فراہم کیا جا سکے اور جاری ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کیا جا سکے۔





