پاکستان نہ جھکا ہے، نہ جھکے گا، ڈی جی آئی ایس پی آر کا دوٹوک پیغام

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاکستان کی سب سے بڑی طاقت اس کی اپنی قوم اور ا س کا عزم ہے ، ہمارے لیے شہادت زندگی سے زیادہ قیمتی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے چینی میڈیا گروپ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی، پاک چین تعلقات، دہشتگردی کے خلاف جنگ اور خطے کی مجموعی صورتحال پر پاکستان کا واضح اور دوٹوک مؤقف پیش کیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی طاقت اس کی قوم اور اس کا غیر متزلزل عزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ’’ہم اللہ کے بعد سب سے زیادہ اپنے اوپر انحصار کرتے ہیں، اور جب قوم کا عزم پختہ ہو تو عالمی برادری بھی ساتھ دیتی ہے‘‘
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے عالمی چیلنجز جیسے کہ موسمیاتی تبدیلی، آبادی میں اضافہ اور معاشی مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ایسے وقت میں اگر کوئی ملک اپنے ہمسایوں پر جھوٹے بیانیے کی بنیاد پر حملہ آور ہو تو یہ عمل کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔

’’پاکستانی قوم نہ پہلے جھکی، نہ اب جھکے گی‘‘
اپنے دوٹوک بیان میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا’’پاکستانی قوم نہ پہلے جھکی تھی، نہ اب جھکے گی۔ ہمارے لیے شہادت زندگی سے زیادہ قیمتی ہے، چاہے نیلی ہو، سفید یا خاکی وردی—شہادت ہمارے لیے اعزاز ہے۔‘‘

پاک چین تعلقات، خطے میں استحکام کی بنیاد
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پاک چین تعلقات کو ’’خطے میں امن و استحکام کی بنیاد‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک ذمہ دار ریاستیں ہیں، جن کی اولین ترجیح عوام کی فلاح و ترقی ہے۔انہوں نے دہشتگردی کے خلاف مشترکہ کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو شکست دے کر ہم آگے بڑھ رہے ہیں۔

امن اور ترقی، پاکستان کی اولین ترجیحات
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آج پاکستان کی گلیوں میں لوگ فتح کے نعرے نہیں بلکہ امن کی خوشی مناتے ہیں۔انہوں نے چینی ترقی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ’’دنیا کو چین کی کامیابی سے سیکھنا چاہیے۔ پاکستانی عوام بھی امن، استحکام اور ترقی کے خواہاں ہیں، اور ان شاء اللہ، پاکستان تیزی سے ترقی کرے گا۔‘‘

Scroll to Top