ایبٹ آباد: ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) ثناءاللہ خان کی زیر صدارت عید الاضحی کے انتظامات کے حوالے سے ضلعی افسران کا اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا، جس میں مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے تحصیل ایبٹ آباد، لورہ، حویلیاں، لوئر تناول اور کینٹ ایریا میں بروقت اور منظم مویشی منڈیوں کے قیام، ایس او پیز پر عملدرآمد، جراثیم کش اسپرے اور کانگو وائرس سے بچاؤ کے لیے موثر اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔ غیر قانونی منڈیوں کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ بھی دیا گیا۔
اجلاس میں واسا، کینٹ بورڈ اور ٹی ایم ایز کو عید کے دوران آلائشوں اور کوڑا کرکٹ کی بروقت اور مناسب صفائی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ عید کی چھٹیوں میں ریسکیو 1122 اور ایمرجنسی سروسز کو مکمل فعال رکھنے، ٹریفک مینجمنٹ بہتر بنانے اور سیاحتی مقامات بالخصوص گلیات اور ٹھنڈیانی میں سہولیات فراہم کرنے پر بھی زور دیا گیا۔
محکمہ لائیو سٹاک اور ہیلتھ کو شہر کے داخلی راستوں اور منڈیوں میں اسپرے، کانگو وائرس سے بچاؤ اور ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس کی ہدایات دی گئیں۔ بی ایچ یوز اور آر ایچ سیز میں عملے کی حاضری اور طبی سہولیات کی فراہمی پر بھی زور دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ قربانی کے جانوروں کی خریداری مقرر کردہ منڈیوں سے کریں اور آلائشیں صرف نامزد مقامات پر ہی تلف کریں تاکہ صفائی اور ٹریفک مسائل سے بچا جا سکے۔ مساجد کے ذریعے صفائی سے متعلق عوامی آگاہی بڑھانے کے لیے ڈسٹرکٹ خطیب کو جمعہ کے خطبات میں صفائی کی اہمیت اجاگر کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : عید الاضحی کب ہوگی ؟ ذوالحج کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گوہر علی، ڈی ایچ او ڈاکٹر شکیل سرور، ایس ایس پی ٹریفک قمر حیات، اسسٹنٹ کمشنرز، ٹی ایم اوز، لائیو سٹاک افسران، ریسکیو 1122، کینٹ بورڈ، واسا اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔





