عمران خان کسی بھی وقت ملک گیر احتجاج کی کال دے سکتے ہیں ، شیخ وقاص

عمران خان کسی بھی وقت ملک گیر احتجاج کی کال دے سکتے ہیں ، شیخ وقاص

شیخ وقاص نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی جلد فیصلہ کر سکتے ہیں کہ ملک گیر سطح پر عوامی ردِعمل کو کس طرح منظم انداز میں سڑکوں پر لایا جائے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے دعویٰ کیا ہے کہ پارٹی ملک گیر احتجاج کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کسی بھی وقت احتجاج کی کال دے سکتے ہیں۔

نجی ٹی وی چینل ’’آج‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنی تاریخ کی سب سے بڑی موبیلائزیشن مکمل کرلی ہے، تاہم فی الحال اسلام آباد نہ جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’’ہم پرامن احتجاج کے حامی ہیں، لیکن اگر احتجاج کو زبردستی روکا گیا تو انتشار پھیلانے کی ذمہ داری بھی انہی عناصر پر ہوگی۔ ہمیں انتشار کسی طور سوٹ نہیں کرتا۔‘‘

انہوں نے عدالتی نظام میں تبدیلی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’چھبیسویں آئینی ترمیم کے بعد عدالتوں کا رویہ اور فیصلوں کا رخ تبدیل ہو چکا ہے، جو قابلِ غور پہلو ہے۔‘‘

گفتگو کے دوران شیخ وقاص اکرم نے پیپلز پارٹی کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’پیپلز پارٹی ہر مقام پر مظلومیت کا ڈراما رچاتی ہے، لیکن یہ سیاست اب مزید نہیں چل سکتی۔ عوام باشعور ہو چکے ہیں اور سچ کو پہچانتے ہیں۔‘‘

شیخ وقاص کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سیاسی ماحول ایک بار پھر گرم ہوتا جا رہا ہے اور مختلف حلقوں کی جانب سے تحریک انصاف کی ممکنہ احتجاجی کال پر قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔

Scroll to Top