28مئی ملکی دفاع و سلامتی کے عہد کی تجدید کا دن ہے ، فیصل کریم کنڈی

28مئی ملکی دفاع و سلامتی کے عہد کی تجدید کا دن ہے ، فیصل کریم کنڈی

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ یومِ تکبیر پاکستانی قوم کے لیے فخر، عزم اور خودداری کی علامت بن چکا ہے

تفصیلات کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے یومِ تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 28 مئی ملکی دفاع و سلامتی کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔ انہوں نے پوری قوم کو یومِ تکبیر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن پاکستان کی تاریخ کا سنہرا باب ہے، جب ملک نے پہلی اسلامی جوہری طاقت کے طور پر دنیا کے سامنے اپنی موجودگی منوائی۔

گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ یومِ تکبیر پاکستانی قوم کے لیے فخر، عزم اور خودداری کی علامت بن چکا ہے۔ انہوں نے ملک کو جوہری طاقت بنانے کی بنیاد رکھنے پر شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قائدانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہی قومیں ناقابلِ تسخیر بنتی ہیں جو قربانی، اتحاد اور حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہوں۔

انہوں نے حالیہ بھارتی جارحیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے منہ توڑ جواب دے کر ثابت کیا کہ قوم کی خودمختاری اور قومی وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ یومِ تکبیر ہمیں اس عزم کی یاد دلاتا ہے کہ ہم اپنے دفاع کے لیے ہر حد تک جا سکتے ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے اس موقع پر پاکستان کے مایہ ناز سائنسدانوں، انجینئرز، محب وطن قیادت اور افواج پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا جن کی شبانہ روز محنت سے یہ خواب شرمندۂ تعبیر ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ یومِ تکبیر صرف ایک دن نہیں، بلکہ ایک نظریہ، ایک عہد اور ایک پیغام ہے کہ پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔

Scroll to Top