سکیورٹی فورسز نےخیبر پختونخوا میں دو مختلف کاروائیوں میں بھارتی حمایت یافتہ “فتنہ الخوارج” کے سات دہشت گرد ہلاک کردیئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق رات 28 سے 29 مئی کی درمیانی شب، بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج نے شمالی وزیرستان ضلع کے جنرل ایریا شوال میں سیکیورٹی فورسز کے چیک پوسٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔ اس کوشش کو پاکستانی افواج نے مؤثر طریقے سے ناکام بنایا ،مقابلے کے دوران چھ بھارتی حمایت یافتہ خوارج مارے گئے۔
شدید لڑائی کے دوران مردان سے تعلق رکھنے والے 24سالہ لیفٹیننٹ دانیال اسماعیل نے بہادری سےدشمن کا مقابلہ کیا اور شہادت کا اعزاز پایا۔ ان کے ساتھ ان کے تین ساتھی بھی شہید ہوئے جن میں نائب صوبیدار کاشف رضا (عمر: 42 سال، رہائشی ضلع چکوال)، لانس نائیک فیاقت علی (عمر: 35 سال، رہائشی ضلع ہری پور) اور سپاہی محمد حمید (عمر: 26 سال، رہائشی ضلع ایبٹ آباد) شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع چترال میں ہونے والے ایک اور مقابلے میں، سیکیورٹی فورسز نے کامیابی سے ایک ہندوستانی سپانسر شدہ خارجی کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی بھارتی سپانسرخارجی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں کی جارہی ہیں، پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی اسپانسر دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔





