انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں سانحہ 9 مئی سے متعلق 11 مقدمات کی سماعت ایک بار پھر بغیر کسی عدالتی کارروائی کے ملتوی کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق جج امجد علی شاہ نے مقدمات کی سماعت 14 جون 2025 تک موخر کر دی۔ سماعت کے دوران پراسیکیوٹر ظہیر علی شاہ، وکلائے صفائی اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد عدالت میں پیش ہوئے، جبکہ بانی پی ٹی آئی کی حاضری اڈیالہ جیل سے روبکار کے ذریعے لگائی گئی۔
پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ جن ملزمان کو مقدمے کے چالان کی نقول فراہم نہیں کی گئی تھیں، انہیں نقول فراہم کی جا رہی ہیں۔ تاہم کسی عملی کارروائی کے بغیر عدالت نے سماعت ملتوی کر دی۔
مقدمات میں جی ایچ کیو گیٹ نمبر 4، آرمی میوزیم اور دیگر حساس مقامات پر حملوں کے الزامات شامل ہیں، جنہیں انتہائی سنگین نوعیت کے کیسز قرار دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اگلی سماعت پر چالان کی نقول کی فراہمی مکمل ہونے کے بعد فردِ جرم عائد کرنے کا امکان ہے۔





