وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر عوامی سہولت، سکیورٹی اور صحت عامہ بارے انتظامات یقینی بنانے کیلئے متعلقہ اداروں کو تفصیلی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ کی جانب سے جاری کردہ ہدایت نامے میں تمام ڈپٹی کمشنرز اور انتظامی افسران کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ عید کے دوران اپنے متعلقہ اسٹیشنز پر موجود رہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی ممکن ہو۔
ہدایت نامے کے مطابق جانوروں کی منڈیوں میں صفائی، جراثیم کش اقدامات اور جانوروں سے پھیلنے والی بیماریوں کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ ساتھ ہی ٹرانسپورٹ مافیا کے خلاف بھی سخت رویہ اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے عوام سے مقررہ کرایوں سے زائد وصول کرنے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
خواتین خریداروں کے تحفظ کے لیے بھی اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ عید کی خریداری کے دوران رش والے بازاروں میں خواتین پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے تاکہ خواتین خود کو محفوظ اور بااعتماد محسوس کریں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے تمام متعلقہ اداروں کو عوامی سہولت کو اولین ترجیح دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ عوام یہ مقدس تہوار پرامن اور خوشگوار ماحول میں منا سکیں۔





