پاکستان نے لڑاکا طیارے مار گرائے ، بھارت نے سرکاری طورپر تسلیم کرلیا

پاکستان نے لڑاکا طیارے مار گرائے ، بھارت نے سرکاری طورپر تسلیم کرلیا

بھارت نے بالآخر سرکاری طور پر تسلیم کرلیا ہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں پاکستان پر کیے گئے فضائی حملے کے دوران بھارتی فضائیہ کو شدید نقصان اٹھانا پڑا اور اس کے کئی جنگی طیارے پاکستانی فضائیہ نے مار گرائے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی چیف آف ڈیفنس جنرل انیل چوہان نے عالمی جریدے بلومبرگ کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ ’’پاکستان کے ساتھ فضائی جھڑپ کے دوران ہم نے طیارے کھوئے ہیں۔’’ انہوں نے اس اعتراف کے ساتھ ساتھ اس بات پر زور دیا کہ ’’اصل سوال یہ نہیں کہ طیارے گرائے گئے، بلکہ یہ ہے کہ وہ کیوں گرائے گئے۔‘‘

جنرل چوہان نے گرنے والے طیاروں کی تعداد بتانے سے گریز کرتے ہوئے صرف ’’وہ‘‘ کا مبہم حوالہ دیا اور پاکستان کے 6 بھارتی طیارے مار گرانے کے دعوے کو ’’غلط‘‘قرار دیا، مگر خود کوئی حتمی اعداد و شمار پیش نہ کیے۔

انٹرویو میں بھارتی جنرل نے تسلیم کیا کہ فضائی لڑائی کے دوران ان سے ’’غلطیاں ہوئیں‘‘، اور دعویٰ کیا کہ ان غلطیوں کو دو دن بعد درست کرلیا گیا۔ انہوں نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ امریکی ثالثی یا جوہری تصادم کا خطرہ ’’غیر حقیقی‘‘ہے۔

یاد رہے کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارت نے کشمیر کے علاقے پہلگام میں مبینہ حملے کو جواز بنا کر بغیر کسی ٹھوس ثبوت کے پاکستان پر فضائی کارروائی کی تھی۔ تاہم، پاک فضائیہ نے فوری اور مؤثر جواب دیتے ہوئے ایک گھنٹے کے اندر اندر بھارت کے کم از کم پانچ جنگی طیارے، جن میں جدید رافیل بھی شامل تھا، مار گرائے تھے۔

ابتدائی طور پر بھارت نے اس نقصان کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے جوابی دعویٰ کیا تھا کہ پاکستانی طیارے تباہ کیے گئے ہیں، مگر پاکستان کی جانب سے پیش کردہ تکنیکی شواہد اور ملبے کی تصاویر سامنے آنے کے بعد عالمی سطح پر بھارت کی پوزیشن کمزور پڑ گئی اور پاکستان کے موقف کو پذیرائی ملی۔

یہ اعتراف بھارتی عسکری قیادت کی جانب سے پہلی مرتبہ کھلے عام کیا گیا ہے، جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ حالیہ جھڑپ میں پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور ردعمل نے بھارت کو نہ صرف عسکری بلکہ سفارتی سطح پر بھی پیچھے دھکیل دیا ہے۔

Scroll to Top